نئی دہلی،8نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) نوٹ بندی کو آج دو سال پورے ہو چکے ہیں۔ آج ہی کے دن سال 2016 میں ایک ہزار اور پانچ سو نوٹوں کے چلن کو راتوں رات بند کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نوٹ بندی کی حمایت میں ایک بلاگ لکھا ہے۔ جیٹلی کے مطابق، نوٹ بندی سے کالے دھن پر لگام لگی ہے ساتھ ہی ٹیکس کا دائرہ بھی بڑھا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے، ' نوٹ بندی حکومت کے اہم فیصلوں کی ایک کڑی ہے جو معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے ضروری ہے۔
جیٹلی کے مطابق، نوٹ بندی کے بعد ٹیکس چوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے، "نوٹ بندی کی لوگ یہ کہتے ہوئے تنقید کرتے ہیں کہ تقریبا تمام کیش بینکوں میں واپس آ گیا۔ لیکن نوٹ بندی کے سہارے ہمارا مقصد صرف کیش کو ضبط کرنا نہیں تھا۔ ہم چاہتے تھے کہ لوگ ٹیکس کے دائرہ میں آئیں۔ ہمیں کیش لیس اکانومی سے ڈیجیٹل لین دین کی دنیا میں آنا تھا۔ نوٹ بندی سے زیادہ ٹیکس ریونیو جمع کرنے اور ٹیکس بیس کو بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔
جیٹلی نے بلاگ میں لکھا ہے کہ مالی سال 2018-19 (31-10-2018) تک جو پرسنل انکم ٹیکس جمع ہوئے ہیں وہ پچھلی بار کے مقابلہ میں 20.2 فیصد زیادہ ہیں۔ کارپوریٹ ٹیکس 19.5 فیصد زیادہ جمع ہوئے ہیں۔